حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کوئٹہ پاکستان کے بلیلی علاقہ میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر خودکش حملہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اس خودکش حملے میں پولیس اہلکار سمیت ایک بچہ شہید اور کئی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔اس واقعے کے فوراً بعد مجلس وحدت المسلمین بلوچستان نے ایک بیان میں دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین بلوچستان پاکستان کے اراکین نے بلوچستان میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔
مجلس وحدت المسلمین بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور بلوچستان حکومت دہشتگردی پر کنٹرول نہیں کر پا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو چاہیے کہ دہشتگردی پر کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی جائزہ لے کہ دہشتگردی کی سرپرستی کون کر رہا ہے اور ان واقعات کے پیچھے کن عناصر کا ہاتھ ہے۔
علامہ شمسی نے کہا کہ بلوچستان حکومت دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کی بھر پور کوشش کرے، تاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو سکے۔